اسلام آباد: ( پبلک نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جج ارشد ملک نے اپنی زندگی میں نواز شریف کےحق میں گواہی دی، اب گلگت بلتستان کے چیف جسٹس کی گواہی سب کے سامنے ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں منصف کو انصاف نہ ملے تو اس میں عام آدمی کا کیا حال ہوگا۔ ہمیں یقین تھا کہ ظالم کے دن گنے جاتے ہیں لیکن وہ اتنی جلدی سامنے آئے گا یہ ہمیں نہیں معلوم تھا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج بڑی گواہی عدلیہ کے اندر سے سامنے آئی۔ سچ سامنے آنے کا دن اتنا جلدی آئے گا یہ بھی یقین نہیں تھا۔ سر جھکا کر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمارے خلاف سازش بے نقاب ہوئی۔ اللہ کی شان دیکھ رہی ہوں، یقین تھا ایک دن سچ سامنے آئے گا۔