'وہ دوبارہ میری جان لینے کی کوشش کریں گے'

'وہ دوبارہ میری جان لینے کی کوشش کریں گے'
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ دوبارہ میری جان لینے کی کوشش کریں گے، جو مجھے راستے سے ہٹانہ چاہتے ہیں ان کے لیے خطرہ ابھی موجود ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مجھے ختم کرنا چاہتے ہیں کیونکہ میری پارٹی پاکستان کی سب سے مقبول ترین سیاسی جماعت ہے اور مجھے بڑے پیمانے پر عوامی حمایت حاصل ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ’مجھے راستے سے ہٹانے کا واحد طریقہ مجھےمارنا ہے لہٰذا خطرہ ابھی بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سازش کا تو میں نے حملے سے 6 ہفتے قبل ہی ایک جلسے میں بتا دیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ اس حملے کو مذہبی رنگ دیا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آزادانہ تحقیقات ہوں گی تو ثابت ہو جائے گا کہ یہ سب ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، چیف جسٹس سے درخواست کی ہے کہ اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ آزادانہ تحقیقات میں یہ بھی ثابت ہو جائے گا کہ میرے قتل کا سب سے زیادہ فائدہ موجودہ حکومت کو ہونا تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ لانگ مارچ میں شامل ہونےکے بعد مزید احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے، موت کا خوف مجھے قانون کی حکمرانی کے لیے لڑنے کے مشن سے نہیں روک سکتا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سائفر اور امریکی سازش پر میں نےکہا تھا کہ وہ سازش پیچھے رہ گئی ہے، میری حکومت امریکا نےگرائی، اسے عوامی مفاد کے راستے میں نہیں آنا چاہیئے تھا، پاکستانی عوام کا مفاد تمام ممالک اور خاص طور پر سپر پاور امریکا سےاچھے تعلقات میں ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔