بارشیں ہوں گی بھی یا نہیں؟محکمہ موسمیات نےبتادیا

بارشیں ہوں گی بھی یا نہیں؟محکمہ موسمیات نےبتادیا
کیپشن: بارشیں ہوں گی بھی یا نہیں؟محکمہ موسمیات نےبتادیا

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہنے کی پیشگوئی کردی جبکہ پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مری اور گلیات میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، سیاحتی مقامات برفباری کے باعث مزید سرد ہوگئے جبکہ اسکردو، استور، ہنزہ اور وادی نیلم میں برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا موسم بھی یکسر بدل گیا، گزشتہ روز ہونے والی بارش سے اسموگ کا خاتمہ ہوا جبکہ سورج شہر اقتدار پر روشنی بکھیر رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اورگردونواح میں موسم خشک جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم خشک رہے گا، لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں اسموگ اور شدید دھند کی توقع ہے جبکہ نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ اور ساہیوال میں اسموگ اور شدید دھند کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، لیہ، بھکر، خانیوال اور خانپور میں اسموگ اور شدید دھند کا امکان ہے جبکہ رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گردونواح میں بھی صبح اور رات کے اوقات میں اسموگ اور شدید دھند کی توقع ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت موسم سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

Watch Live Public News