ویب ڈیسک:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو رہی ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی ٹین سیکٹر میں ژالہ باری نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے رات کو ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک / مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، لیہ، بھکر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں رات کے اوقات میں سموگ/ شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، گجرات، سیالکوٹ اورنارووال میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے تاہم چترال، دیر، سوات اورکوہستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ کشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں چند مقاما ت پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔