ویب ڈیسک: پنجاب میں مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے،صوبے میں جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں ’سیڈ کلاؤڈنگ‘ کے نتیجے میں جہلم اور گوجر خان میں بارش ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے اس پیش رفت کی تصدیق کر دی، افواج پاکستان کے سائنسی تحقیق اور ترقی کے ماہرین (ایس پی ڈی)، آرمی ایوی ایشن، پارکو، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) اور پنجاب حکومت نے اشتراک عمل سے مصنوعی بارش منصوبے میں کامیابی حاصل کی۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ دوپہر 2 بجے ’کلاوڈ سیڈنگ‘ کی گئی تھی جس سے جہلم اور گوجر خان میں چند گھنٹوں بعد بارش ہوئی۔
ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ ’کلاؤڈ سیڈنگ‘ کے اثرات لاہور پر بھی بارش کی صورت برآمد ہونے کا قوی امکان ہے، مصنوعی بارش سے اسموگ میں کمی لانے میں بڑی مدد ملے گی۔
ادھر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں، سائنسی ماہرین کو مصنوعی بارش کے کامیاب تجربے پر مبارک باد دی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج آپ کی محنت، لگن اور قابلیت سے صوبہ پنجاب نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور تمام ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، آج بارش کی صورت میں اچھی خبر آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات کے تعاون سے مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کیا گیا تھا، اس بار 100 فیصد اپنی مقامی مہارت اور ٹیکنالوجی سے کامیاب تجربہ کیا۔