ویب ڈیسک: ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 291 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ملتان کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 239 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن 248 رنز پر ساجد خان نے برینڈن کیرس کو 4 رنز پر آؤٹ کر کے اننگز میں اپنا پانچواں شکار بنایا جبکہ اگلے آنے والے کھلاڑی میتھیو پوٹس کو بھی ساجد خان نے بولڈ کیا، انہوں نے 6 رنز اسکور کیے۔
جیمی اسمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیک لیچ 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 3 وکٹیں نعمان علی نے حاصل کیں۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کامران غلام کی سنچری کی بدولت 366 رنز اسکور کیے تھے جبکہ انگلینڈ نے کھیل کے دوسرے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے تھے۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دی تھی، انگلینڈ کو 1 صفر کی برتری حاصل ہے۔