لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں گرفتار پرویز الہیٰ کے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں گرفتار پرویز الہیٰ کے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں گرفتار سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور صدر پاکستان تحریک انصاف پرویز الہیٰ کو لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام نے پرویز الہیٰ کو گذشتہ روز راولپنڈی سے گرفتار کیا تھا اور تحقیقات کے لیے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرنے کے لیے آج لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں پیش کیا۔ اس موقع پر ضلع کچہری کو پولیس کی بھاری سیکیورٹی لگا کر سیل کر دیا، پولیس نے کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت کے اندر جانے سے بھی روک دیا، 3 ایس پی سمیت 500 پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی سرانجام دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے اینٹی کرپشن کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی، پرویز الہیٰ کی جانب سے وکیل صدر لاہور بار رانا انتظار حسین عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت پرویز الہیٰ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری سے قبل ایف آئی ار درج نہیں ہو سکتی، کل ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔ انہوں نے عدالت سے مقدمہ ڈسچارج کرنے کی استدعا کر تے ہوئے مزید کہا کہ پرویز الہیٰ کی گرفتاری بدنیتی پر مبنی ہے، اُن کے خلاف انکوائری نہیں کی گئی نہ ہوئی انکوائری نوٹس بھیجا گیا۔ رانا انتظار حسین نے کہا کہا کہ اینٹی کرپشن حکام نے پرویز الہیٰ کا جسمانی ریمانڈ مانگا ہے، ہم ریمانڈ کی مخالفت کر رہے ہیں۔ دریں اثنا وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے پرویز الہیٰ کے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جوکہ اب سے کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز 17 ستمبر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پرویز الہٰی کو راولپنڈی جیل سے رہائی سے قبل لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پنجاب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے حوالے کردیا تھا، یہ ان کی یکم جون کے بعد 12 ویں مرتبہ گرفتاری ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔