آئی جی پنجاب کا ٹریفک لائسنس اجراء، حصول کیلئے فائل سسٹم ختم کرنے کا اعلان

آئی جی پنجاب کا ٹریفک لائسنس اجراء، حصول کیلئے فائل سسٹم ختم کرنے کا اعلان
لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک لائسنس اجراء اور حصول کیلئے فائل سسٹم ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کا شہریوں کی سہولت کےلئے اہم اقدام، ٹریفک لائسنس اجراء کے عمل کو"پیپر لیس"کردیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک لائسنس اجراء اور حصول کےلئے فائل سسٹم ختم کرنے کا اعلان کردیا، شہری اب صوبے کے کسی بھی ٹریفک دفتر یا خدمت مرکز میں قومی شناختی کارڈ کی مدد سے مجوزہ فیس جمع کرواکر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب میں اڑھائی کروڑ سے زائد موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں موجود ہیں جبکہ لائسنس صرف 45 لاکھ لوگوں کے پاس ہیں، لاہور میں 75 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں موجود ہیں جن میں سے لائسنس صرف 7 یا 8 لاکھ شہریوں نے حاصل کر رکھے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو مشکل کام سمجھتے ہوئے شہری لائسنس نہیں بنواتے تاہم اب یہ مشکل آسان کر دی گئی ہے، صوبے بھر کے پولیس خدمت مراکز میں ڈرائیونگ لائسنس اجراء کی سہولت دے دی گئی ہے، صوبے کے بڑے شہروں میں شہری ہفتے کے ساتوں روز 24/7 جبکہ چھوٹے شہروں کے پولیس دفاتر میں ڈبل شفٹ میں یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے لائسنس کے بغیر گاڑیاں چلانے والے لاکھوں شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ پنجاب پولیس کو خدمت کا موقع دیں اور صوبہ بھر میں کسی بھی پولیس دفتر یا خدمت مرکز سے بغیر پریشانی، سفارش یا رشوت کے اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔