نوازشریف نے کہا کہ ہمسائے سے لڑائی نہیں،دلوں کے دروازے کھولو،مریم نواز

نوازشریف نے کہا کہ ہمسائے سے لڑائی نہیں،دلوں کے دروازے کھولو،مریم نواز
کیپشن: Nawaz Sharif said that there is no fight with neighbors, open the doors of hearts, Maryam Nawaz

ویب ڈیسک: وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کہتے ہیں ہمسائے سےلڑائی نہیں کرنی ہے۔

کرتارپور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے تمام بھائی بہنوں کو خوش آمدید، نواز شریف نے آپ سب کو مبارکباد بھیجی ہے، مجھے افسوس ہے کہ وہ میرے ساتھ نہیں آسکے، پنجاب تو ہمارے دل میں بستا ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ میں نے ان لوگوں کو کہا ہے کہ آپ لوگوں کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہیے، آج مجھے میرا پنڈ یاد آگیا، میرے دادا بھارت کے جاتی امرا سے تھے پھر وہ پاکستان آگئے، ایک بار بھارت سے کوئی جاتی امرا کی مٹی لے کے آیا اسے میں نے اپنے دادا کی قبر پر رکھ دیا۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ میں جب وزیر اعلٰی بنی تو بھارت کے پنجاب سے بھی مبارکباد ملی، بھارت اور پاکستان میں پنجاب کے لوگوں نے میرے وزیر اعلٰی بننے پر جشن منایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلی بار بیساکھی کا تہوار سرکاری طور پر منا رہے ہیں، ہماری حکومت میں سکھ کو وزیر بنایا گیا، میں بیساکھی کا تہوار منا کر بہت خوش ہوئی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے ہیں ہمسائے سےلڑائی نہیں کرنی ہے، اپنے دلوں کے دروازے کھولو۔

مریم نواز نے بتایا کہ میں نے بابا گرونانک کے بارے میں مطالعہ کیا ہے، میرا دل کرتا ہے کہ پاکستانی پنجابی بھی فخر سے پنجابی زبان بولیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ٹورازم پر کام کر رہی ہوں اور سوچ رہی ہوں کہ آپ کے مقدس مقامات پر اچھے ہوٹل بنائیں تاکہ آپ لوگوں کو سہولت فراہم کی جائے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سب سکھوں کے لیے پاکستان کے دروازے کھلے ہیں آپ جب چاہیں آئیں، خوشیاں منائیں، میری کوشش ہے کہ ہم پوری طرح آپ کی دیکھ بھال کریں، میری دعا ہے کہ آپ سب خیر سے اپنے گھر جائیں اور ہنسی خوشی رہیں۔

Watch Live Public News