پاکستانی فلم ساز اپنی دو فلمیں 95 ویں اکیڈمی ایوارڈ کے لئے جمع کروا سکیں گے۔ پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق فلمیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 ستمبر ہے۔ پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں یہ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی پاکستان کے فلم سازوں کو 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں نامزدگی کے لیے اپنی فلموں کو 2 ستمبر 2022 کو مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے تک جمع کروانے کی دعوت دیتی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ’زندہ بھاگ‘2013 میں، فلم ’دختر‘ 2014 میں، فلم’موور‘ 2015 میں، فلم ’ماہِ میر‘ 2016 میں، فلم ’ساون‘،2017 میں، فلم ’کیک‘ 2018، فلم ’لال کبوتر 2019 میں اور فلم ’تماشا‘ 2020 میں بین الاقوامی فیچر فلم کے زمرے میں پاکستانی سنیما کی بہترین نمائندگی کرنے کے لیے منتخب کی جا چکی ہیں۔ 2022 کی آسکر کمیٹی کی صدارت دو بار اکیڈمی ایوارڈ اور ایمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنائے کر رہی ہیں جبکہ کمیٹی میں علی سیٹھی ، مصنف اور سکرپٹ رائٹر عمر شاہد حامد، مصنف اور سکرپٹ رائٹر رافع محمود، ثمینہ احمد، جرجیس سیجا ٹی وی اور فلم پروڈیوسر، سکرین رائٹر اور ڈائریکٹربی گل ، فیشن ڈیزائنررضوان بیگ ، سینماٹوگرافر مو اعظمی اور اداکارہ زیبا بختیار شامل ہیں۔ یہ کمیٹی انٹرنیشنل فیچر فلم ایوارڈ کے لیے پاکستان کی جانب سے باضابطہ طور پر ایک فلم کا انتخاب کرے گی۔