ویب ڈیسک: لاہور پولیس کی طرف سے لاپتہ یوٹیوبر عون علی کھوسہ کے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ اچھرہ لاہور میں اغواء کا مقدمہ عون علی کھوسہ کی اہلیہ بینش اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ 15 اگست رات 2 بجے نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے اور عون کھوسہ کو اغواء کر کے لے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم افراد لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور کیمرہ بھی ساتھ لے گئے۔
یوٹیوبر عون علی کھوسہ کی اہلیہ نے ایف آئی آر میں مطالبہ کیا ہے کہ شوہر کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے عون علی کھوسہ کی اہلیہ بینش کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ درخواستگزار کی جانب سے وکلا میاں علی اشفاق اور خدیجہ صدیقی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او لاہور کو 20 اگست تک یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو باز یاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔