ڈيرہ اسماعیل خان: (ویب ڈیسک) ڈی آئی خان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما عمر خطاب شیرانی کو قتل کر دیا ہے۔ اے این پی نے انھیں تحصیل میئر کیلئے امیدوار کھڑا کیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ملتان روڈ پر پیش آیا۔ اے این پی رہنما عمر خطاب شیرانی جیسے ہی اپنے گھر سے باہر آئے، ان کی تاک میں موجود نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی اور موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے اپنے مقامی رہنما کے بہیمانہ قتل پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ https://twitter.com/ANPMarkaz/status/1472066597934219264?s=20 عمر خطاب شیرانی کے قتل کے بعد اے این پی کے کارکن مشتعل ہو گئے اور لاش رکھ کر ملتان روڈ کو تمام ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت اس قتل میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کرکے انھیں قرار واقعی سزا دے۔ دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کی ترجمان ثمر ہارون بلور نے اس قتل کو بہیمانہ قرار دیتے ہوئے حکام سے فوری طور پر انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ https://twitter.com/SamarHBilour/status/1472058125687693313?s=20 اے این پی کے ٹویٹر اکائونٹ سے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی ڈیرہ اسمعیٰل خان کے صدر اور نامزد امیدوار برائے تحصیل عمر خطاب شیرانی کو گذشتہ شب اس وقت شہید کیا گیا جب وہ انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ پولیس نے ضلع بھر کی ناکہ بندی کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واقعہ کی خبر پھیلتے ہی پورے خیبر پختونخوا میں حالات انتہائی کشیدہ محسوس کئے جا رہے ہیں۔ حالات کی نزاکت کے باعث ڈیرہ اسماعیل میں 19 دسمبر کو ہونے والے سٹی میئر کے انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں جبکہ نچلی نشستوں پہ انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے۔ واقعہ کے بعد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’انتہائی دکھ کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ عمر خطاب شیرانی ایڈووکیٹ کو ان کے گھر کے باہر شہید کر دیا گیا ہے، جو کہ لوکل پولیس کی ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ اسماعیل خان اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، اس لئے آج ڈسٹرکٹ بار اور ہائی کورٹ بار یسوسی ایشنز ڈیرہ اسماعیل خان میں سوگ ہوگا اور کوئی معزز وکیل ذیلی عدالتوں میں پیش نہیں ہو گا۔