کراچی پولیس آفس (کے پی او) حملے کی تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ذوالفقار لاڑک کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی میں ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی ساؤتھ ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی بھی شامل ہوں گے ۔ کے پی او پر گذشتہ روز شام 7 بج کر 10 منٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا ، حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والوں کے جوابی ایکشن کے دوران تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے ، ایک دہشت گرد عمارت کی چوتھی منزل پر جب کہ 2 چھت پر ہی مارے گئے ۔ حملے میں دو پولیس اور ایک رینجرز اہل کار شہید ہوئے جب کہ چوتھا مقتول سینیٹری ورکر تھا ۔