اوورسیزکو ووٹنگ سے روکنے کیلئے پولنگ کا طریقہ مشکل بنادیا گیا، سپریم کورٹ

اوورسیزکو ووٹنگ سے روکنے کیلئے پولنگ کا طریقہ مشکل بنادیا گیا، سپریم کورٹ
اسلام آباد: سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ سے روکنے کے لئے پولنگ کا طریقہ کار مشکل بنا دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اور شیخ رشید کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ معاونت کے لیے نادرا اور اٹارنی جنرل کو بھی نوٹسسز جاری کیے گئے ۔ وکیل داؤد غزنوی کی الیکشن ایکٹ ترمیم کیخلاف اپیل پر بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے پاکستان آنا ہوگا یا پھر باہر رہ کر بھی ووٹ ڈال سکتے ہیں ۔ بظاہرووٹنگ کا طریقہ کار اتنا مشکل بنا دیا گیا ہے کہ اوورسیز ووٹ ڈال ہی نہ سکیں۔ ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا ہے مسئلہ صرف اور صرف طریقہ کار کا ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا تھا۔ الیکشن ایکٹ میں ترمیم عدالتی فیصلے کی روح کے خلاف ہے۔ عدالت کے حکم پر نادرا نے سسٹم بنایا اور ضمنی انتخابات میں تجربہ ہوا تھا۔ ضمنی انتخابات میں کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔ترمیم کرکے دوبارہ پائلٹ پراجیکٹ کرنے کا کہا گیا تاکہ قانون سازی ہوسکے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور نادرا معاونت کریں کہ بنایا گیا سسٹم معیار کے مطابق ہے یا نہیں۔ کیس کی سماعت مزید 2 ہفتے کے لئے ملتوی کر دی گئی ہے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔