زمان پارک آپریشن ، ایک قانونی کارروائی کو پورا کیا گیا ہے ، آئی جی پنجاب

زمان پارک آپریشن ، ایک قانونی کارروائی کو پورا کیا گیا ہے ، آئی جی پنجاب
لاہور: انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ زمان پارک آپریشن قانونی کارروائی تھی جسے پورا کیا گیا ہے ، عدالتی حکم کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے سرچ آپریشن کیا گیا ۔ نگران صوبائی وزیراطلاعات عامر میر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ عدالت نے تفتیش کا عمل روکنے کا حکم نہیں دیا اس پر شکرگزار ہیں ، زمان پارک آپریشن میں لیڈی پولیس اہلکار ہمارے ساتھ موجود تھیں ، ہم نے جدید ترین سسٹم کے باعث شرپسند عناصر کی لسٹ تیار کی ہے ، عدالتی حکم پر زمان پارک سرچ آپریشن کیلئے گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دوپہر زمان پارک کے سرچ وارنٹ حاصل کیے گئے، سرچ وارنٹ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف قیادت سے بھی بات کی گئی تھی ، دوران آپریشن پولیس پر پٹرول بم پھینکے گئے تھے ، زمان پارک سے کینچے اور غلیل ملے، زمان پارک میں بنکرز بنے ہوئے ہیں ، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کی قیادت میں پولیس ٹیم نے سرچ آپریشن کیا ہے ، ہم نے ایک بھی گولی نہیں چلائی، پولیس پر پتھروں کی بارش کی گئی ہے ، ہم نے ایک قانونی کارروائی کو پورا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک سے پٹرول بم کا سامان برآمد ہوا ہے ، دیکھا جائے گا کہ زمان پارک سے برآمد ہونے والا اسلحہ لائسنس یافتہ تھا یا نہیں تھا جس کے خلاف کوئی پرچہ نہیں ہوگا اسے کچھ نہیں کہا جائے گا، ہم قانون کے مطابق نفری زمان پارک میں رکھیں گے، اسلحہ و دیگر چیزوں کا پرچہ اس کے خلاف کٹے گا جس سے برآمد ہوا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ گرفتار افراد کو اے ٹی سی کورٹ میں پیش کیا جائے گا ، یقین دلاتا ہوں گرفتار افراد کیساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہوگی، کسی بے گناہ کو گرفتار نہیں کیا گیا، ہم سیاسی عمل پر یقین رکھتے ہیں، آج گرفتار کیے گئے ایک ایک شخص کیخلاف ویڈیو ثبوت موجود ہے، گزشہ آپریشن میں ایک دو خواتین پولیس افسران زخمی ہوئیں، آج بھی ہمارے جوان زخمی ہوئے، ہم قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے، گزشتہ روز ہمیں مزاحمت کا سامنا ہوا آج بھی مزاحمت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کہا جا رہا تھا پولیس اور رینجرز خالی نہیں کروا سکتی، پھر سوال ہے کہ نوگو ایریاز کو خالی کون کروائے گا، ہم عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے تابع ہیں، قانون کے مطابق آئی جی پنجاب اور سی سی پی او گولی چلانے کا حکم دے سکتا تھا لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا، جیو ٹیکنگ، فوٹیجز اور ایجنسیوں کی رپورٹ کی روشنی میں زمان پارک میں آپریشن کیا گیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔