پاکستان میں ٹویٹر (ایکس) مزید کتنی مدت تک بند رہے گا؟ اہم خبر آگئی

07:23 PM, 18 Mar, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان میں سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر ( ایکس ) کو بند ہوئے ایک ماہ سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے،جس سے ملک میں ڈیجیٹل کمیونیکیشن تک رسائی اور اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم X کی جاری رکاوٹ اب ایک ماہ کی حد سے تجاوز کر گئی ہے، ایکس کوابتدائی طور پر 8 فروری کے الیکشن کے بعد  17 فروری کو بلاک کر دیا گیا تھا تاحال 18 مارچ تک پاکستان بھر کے صارفین کے لیے ناقابل رسائی ہے۔

اس عرصے کے دوران ایکس کو مختصراً متعدد بار بحال کیا گیا، جس سے صارفین کو محض 10 سے 15 منٹ کے وقفوں تک رسائی حاصل ہوئی، ایکس تک رسائی حاصل کرنے کے لئےپاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (VPNs) کا سہارا لے رہی ہے۔

مگر انہیں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ حکومت  VPNs کو بھی بلاک کر رہی ہے۔

ایکس کی بحال کے حوالے سے پی ٹی اےنے معاملہ وزارت داخلہ سےحل کرانے کی درخواست کی تاہم وزارت داخلہ سے وضاحت طلب کرنے کی کوششوں کا کوئی جواب نہیں ملا، جس سے پلیٹ فارم کی رسائی غیر یقینی کی کیفیت میں پڑی ہوئی ہے، لہذا یہ کہنا مناسب نہیں ہوگا کہ ایکس کو ایک ہفتے، دو دن یا 15 دنوں میں مکمل بحال کردیا جائے گا۔

دوسری جانب جیسے ہی پاکستان میں ایکس کی بندش دوسرے مہینے میں داخل ہو رہی ہے، آئی ٹی سیکٹر پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں اس پرآئی ٹی کے سابق وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستان میں ٹوئٹر یا انٹرنیٹ جیسے کسی پلیٹ فارم پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔

سابق چیئرمین بارکھان سعید نے کہا کہ X کی رکاوٹ کا آئی ٹی انڈسٹری پر بہت کم اثر پڑتا ہے، کیونکہ زیادہ تر کمپنیاں اشتہاری مقاصد کے لیے فیس بک اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز پر انحصار کرتی ہیں۔

مزیدخبریں