پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ سیاست نہیں ہورہی بلکہ انقلاب آرہا ہے، سارے ڈاکو ایک طرف کھڑے ہوگئے اور میری قوم ایک طرف کھڑی ہوگئی ہے، اسے ہی انقلاب کہتے ہیں۔ پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ دونوں بھائی سوچ رہے ہیں کیا کریں، پھنس گئے ہیں، حکومت کے آگے سمندر اور پیچھے عوام کو لے کر میں کھڑا ہوں، شہباز شریف کو بڑا شوق تھا اچکن سلوانے کا، اب قوم کو جواب دیں۔ گجرانوالہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سیاست نہیں ہورہی بلکہ انقلاب آرہا ہے، جب مجھے بطور وزیرا عظم سازش کے ذریعے نکالا گیا تب قوم نے مٹھائی نہیں بانٹی بلکہ وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری خوش ہے کہ ساری گالیاں وزیر اعظم شہباز شریف اور ن لیگ کو پڑ رہی ہیں، واقعی آصف علی زرداری ساری ن لیگ پر بھاری ہے، وزیر اعظم بن کر شہباز شریف کو سمجھ نہیں آرہا کہ کرنا کیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ روپیا گررہا ہے، ملکی معیشت کا برا حال ہے، انھیں سمجھ نہیں آرہا کرنا کیا ہے، شہباز شریف کہتا ہے کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے اور زرمبادلہ گررہا ہے، شہباز شریف غلط فہمی میں نہ رہنا ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شہباز شریف سمجھتا تھا وزیر اعظم بن گیا تو ایف آئی اے کیس نہیں رہیں گے۔