پریکٹس میں پاکستانی جھنڈا لگانے پر اعتراض

پریکٹس میں پاکستانی جھنڈا لگانے پر اعتراض

ویب ڈیسک: بنگلہ دیش میں میرپور کے کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پریکٹس کے دوران پاکستان کا جھنڈا نصب کرنے کو بنگلہ دیش میں بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اس پر بحث ہو رہی ہے۔

حالانکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ٹیم گزشتہ چند مہینوں سے پریکٹس سیشن میں جھنڈا لگاتی رہی ہے. ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے جھنڈا لگائے جانے کے سلسلے کے آغاز پاکستان ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کیا تھا تاہم یہی انداز جب بنگلا دیش کی سرزمین پر پریکٹس کے دوران اپنایا گیا تو بنگلا دیشی شائقین کرکٹ میں کھلبلی مچ گئی اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی مختلف تنقیدی تبصرے دیکھنے کو ملے۔

اس معاملے پر بنگلا دیشی وزیر مملکت برائے اطلاعات مراد حسن کی جانب سے بھی رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ وہ پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی پرچم لہرائے جانے والی ٹیم کو قبول نہیں کرسکتے۔پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش میں تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے ڈھاکا میں پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی پرچم لگانے کے لیے رسمی اجازت مانگی گئی ہے ، اس حوالے سے بنگلا دیش بورڈ اپنے فیصلے سے پاکستانی ٹیم انتظامیہ کو آگاہ کرے گاتاہم فی الحال بی سی بی نے پاکستانی ٹیم انتظامیہ کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا اور نہ ہی کوئی احتجاج کیا ۔

واضح رہے کہ 2014 میں میرپور میں ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے دوران بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے شائقین پرا سٹیڈیم میں غیر ملکی جھنڈے لے جانے کی پابندی لگا دی تھی تاہم ایک دن کے بعد ہی عالمی میڈیا میں سخت تنقید کی وجہ سے یہ پابندی ختم کر دی گئی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔