ویب ڈیسک:اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت ،توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔
تفصیلات کےمطابق سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس پر سماعت کی،توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی،پانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا،میڈیکل بنیادوں پر بشری بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
پراسیکیوشن ٹیم نے بشری بی بی کی حاضری سے استثنی کی درخواست کی مخالفت کی،سپیشل پراسیکوٹر نے عدالت میں دلائل دیے کہ میڈیکل رپورٹ پر نہ تو کوئی سیریل نمبر ہے اور نہ ہی دستخط موجود ہیں،وکلا صفائی فرد جرم عائد ہونے میں تاخیری حربے اختیار کر رہے ہیں ۔
عدالت نے گزشتہ سماعت پر بھی میڈیکل بنیادوں پر حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کی تھی،میڈیکل رپورٹ کے ساتھ ڈاکٹر کی معائنہ رپورٹ موجود نہیں۔
وکیل عثمان گل کا کہنا تھا کہ عدالت چاہے تو میڈیکل کی تصدیق کروا سکتی ہے،سپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے بشری بی بی کے وارنٹ جاری کیے جانے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے بشری بی بی کو 21 نومبر کو حاضری یقینی بنانے کے حوالے سے نوٹس جاری کر دیے، بشری بی بی آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئیں تو ضمانت منسوخ اور ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا جائے گا، کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی۔