فیفا ورلڈکپ دیکھنے کیلئے قطر جانے والے مسلمان شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ ٹورنامنٹ دیکھنے کے ساتھ ساتھ عمرے کی سعادت بھی حاصل کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ کے ٹکٹ لینے والے شائقین کیلئے مفت عمرہ ویزا کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی حکومت نے اعلان میں کہا ہے کہ جن افراد کے پاس حیا کارڈ اور قطر میں فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے دستاویزات موجود ہیں، تو اُن افراد کیلئے مکہ مکرمہ میں 1سال کے لیے عمرے کا ویزا مفت ہو گا۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حیا کارڈ رکھنے والے افراد 2 ماہ کے لیے سعودی عرب میں قیام بھی کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ ایسے افراد جو آئندہ ماہ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے، وہ سعودی عرب، اومان، کویت اور متحدہ عرب امارات میں قیام بھی کر سکتے ہیں۔ فیفا ورلڈ کپ 2022 کا آغاز 20 نومبر سے قطر میں ہونے جا رہا ہے،بین الاقوامی طور پر سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا یہ ایونٹ مشرق وسطیٰ میں پہلی بار منعقد ہو گا۔ عرب نیوز کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ کے انعقاد سے خلیجی خطہ سیاحت، فضائی سفر اور مہمان نوازی کی صنعتوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کی امید کر رہا ہے۔ قطرمیں ہونے والے فٹبال کے عالمی ٹورنامنٹ کا انتظار بے صبری سے ہو رہا ہے، جس میں 1.2 ملین تماشائیوں کی آمد متوقع ہے اور اس سے قطری معیشت کو 17 بلین ڈالر اضافے کی توقع بھی ہے۔