عمران خان کا شہباز گل پر تشدد کیخلاف کل احتجاج کا اعلان

عمران خان کا شہباز گل پر تشدد کیخلاف کل احتجاج کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف آف اسٹاف شہباز گل پر تشدد کے خلاف کل احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ پمز ہسپتال آمد پر سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پولیس کس سے آرڈر لے رہی ہے۔ کیا عدالتی حکم کی کوئی حیثیت نہیں؟ انھوں نے کہا کہ ’مجھے شہباز گل کی عیادت کرنے نہیں دی گئی۔‘ وہ پوچھتے ہیں کہ ’کیا یہاں قانون کی حکمرانی ہے؟ عدالت کے حکم کی کوئی فکر نہیں ہے؟‘ ان کا کہنا تھا کہ کل اسلام آباد میں، میں ریلی نکال رہا ہوں شہباز گل کے لیے۔ میں اسلام آباد کے سارے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں۔ اگر اس طرح کا تشدد ایک سیاسی کارکن پر ہو سکتا ہے تو کسی کے اوپر بھی ایسا ہوسکتا ہے۔‘ عمران خان نے کہا کہ ’میں کل مغرب کے وقت ریلی نکالوں گا۔ اس سے بہتر ہے کہ زندہ نہ رہو اگر ہمیں ان چوروں کی غلامی کرنی پڑی۔‘ دوسری جانب پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے جاری کردہ اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ شہباز گل پر تشدد کے خلاف کل احتجاج کیا جائے گا، عمران خان چائنہ چوک اسلام آباد سے کل ریلی نکالیں گے جب کہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں بھی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ فواد چودھری نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد اور میڈیا کا گھلا گھونٹنے کے خلاف کل احتجاج کیا جائے گا، شہباز گل پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز گل کو جسمانی ، ذہنی اور جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تمام سیاسی جماعتیں شہباز گل پر تشدد کی مذمت کر رہی ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔