ویب ڈیسک: گلوکارعلی ظفر نے ایک اور سریلی آواز کی حامل گلوکارہ متعارف کرادی،عمر کوٹ کی رہائشی گلوکارہ نرملا کا گیت ریلیز، اے آئی میوزک ویڈیو "رنگ راسیہ" بنا کر سارے ریکارڈ توڑ دیے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے سندھ کے دور دراز علاقے تھرپارکر کے ٹیلنٹ کو دنیا تک پہنچادیا۔ علی ظفر نے اپنے لیبل لائٹنگیل ریکارڈز کے تحت تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نرملا کے پہلے گانے "رنگ رسیا" کو ریلیز کرکے تمام رکاوٹیں توڑدی ہیں۔
گیت کو علی ظفر کی جانب سے پروڈیوس اور ڈائریکٹ کیا گیا ہے جبکہ گانے کی ویڈٰیو بنانے میں پاکستان میں پہلی بار اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں AI سے تیار کردہ سندھی دلہن کو دکھایا گیا ہے جو گہرے پانی میں غوطہ لگاتی ہے اور صحرا کی سیر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ایک اور شخص کو دیکھایا جاتا ہے جو صحرا کے حدود سے باہر زندگی گزارتے ہوئے دکھائی دیتا ہے،اس طرح یہ ویڈیو ایک حیرت انگیز تضاد پیدا کرہی ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں علی ظفر نے پروجیکٹ کے پیچھے کی کہانی شیئر کی۔ انھوں نے بتایا "نرملا کو واٹس ایپ کلپ کے ذریعے دریافت کیا جسے پاکستانی سوشلائٹ میاں یوسف صلاح الدین نے شیئر کیا تھا۔"
علی ظفر نے مزید کہا کہ " نرملا کی آواز اور کمپوزیشن کی مہارت نے مجھے فوراً اپنی طرف متوجہ کر لیا۔ لیکن اس سے بھی زیادہ، میں اس باصلاحیت نوجوان لڑکی کی زبردست ہمت سے بہت متاثر ہوا۔"
نرمالا مگھانی کا سفر ہمت اور امید کی ایک طاقتور علامت ہے۔ بے شمار مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود، جن میں مالی مشکلات، باضابطہ موسیقی کی تربیت کی کمی، اور ایسے معاشرے کی میں زندگی گزارنا جہاں گانے کو، خاص طور پر خواتین کے لیے، ناپسند کیا جاتا ہے، نرمالا کے شوق نے اس شاندار میوزک ویڈیو کی تخلیق کی راہ ہموار کی ہے۔
'میں اپنی خوشی بیان نہیں کر سکتی، اور علی بھائی کی سپورٹ کے لیے میں بہت، بہت شکرگزار ہوں،' نرمالا نےخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔