ویب ڈیسک: اسپیشل انوسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے حکومت نے سولر پینل کی تیاری اور اسمبلنگ کیلئے چینی کمپنی سے معاہدہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چینی سولر کمپنی کا پنجاب کی صوبائی حکومت کے ساتھ سولر پینل کی تیاری اور اسمبلی پلانٹ لگانے کا معاہدہ ہوا ہے۔پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چینی کمپنی اے آئی کے او کے ریجنل صدر ایلکس پینگ نے دستخط کیے۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر صنعت و تجارت پنجاب نے کہا کہ چینی کمپنی پنجاب میں پہلی سولر پینلز بنانے والی فیکٹری لگائے گی جو اپنی مصنوعات مقامی مارکیٹ میں نہ صرف فراہم کرے گی بلکہ ملک سے باہر برآمد بھی کرے گی۔
وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گھروں اور صنعتوں کو ملنے والی مہنگی بجلی کا واحد حل شمسی توانائی کو فروغ دینا ہے۔ گزشتہ 5 ماہ میں سولر توانائی کو فروغ دینے کیلئے 21غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات ہوئی ہے۔
صوبہ پنجاب میں کئی کمپنیاں اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرچکی ہیں۔ حکومت نے بھی شمعی توانائی کے شعبے میں کمپنیوں سے تعاون کی یقین دہانی کروا دی۔ حکومت 7ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر چلانا چاہتی ہے۔
صوبائی حکومت نے مفت یا آسان اقساط پر سولر پینلز عوام کو فراہم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ صوبائی حکومت نے سولر پینل ٹیسٹنگ لیب کے قیام اور شیخوپورہ میں گارمنٹس سٹی کو سولرائز کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے