اسلام آباد (پبلک نیوز) سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق دلانے کے لیے پیپلز پارٹی نے زیر حراست رکن خورشید شاہ سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے خورشید شاہ کو ووٹ کے لئے لانے سے متعلق انتظامات کا مطالبہ کر دیا ہے۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ الیکشن 3 مارچ کو ہو رہے ہیں، خورشید شاہ زیر حراست ہیں۔ آئین کے مطابق ہر ووٹر کا ووٹ ڈالنا جمہوری اور بنیادی حق ہے۔ آئین کے مطابق صاف شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔متن کے مطابق خورشید شاہ کو پولنگ کے دن ووٹ ڈالنے کے لئے ایوان میں لانے سے متعلق انتظامات کئے جائیں۔ الیکشن کمیشن خورشید شاہ کو ووٹ کے حق سے محروم نہ رکھنے سے متعلق اقدامات کرے۔