ویب ڈیسک: امیر بالاج ٹیپو کو قتل کرنے والے حملہ آور کی شناخت ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور کی شناخت مظفر حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ حملہ آور شیخوپورہ کے نواحی گاؤں کا رہائشی تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے حملہ آور کی شناخت کے لیے نادرا سے رابطہ کیا تھا۔ تفتیشی ذرائع نے بتایا ہے کہ حملہ آور نے سیلفی ویڈیو بنانے کے بہانے امیر بالاج پر حملہ کیا۔ حملہ آور نے جیب میں پانچ ہزار روپے سلامی بھی تیار کر رکھی تھی۔
امیر بالاج ٹیپو کی نماز جنازہ مسجد شب بھر چوک شاہ عالم چوک میں ادا کر دی گئی ۔ جنازے میں شاہ عالم مارکیٹ کی تاجر برادری سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ۔بعد ازاں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں انہیں اپنے دادا اور والد کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا ۔
یاد رہے کہ بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان عارف امیر عرف ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے اور بلا ٹرکاں والے کے پوتے تھے۔
ان کے والد عارف امیر عرف ٹیپو ٹرکاں والے کو خرم اعجاز نامی ملزم نے 2010 میں لاہور ایئرپورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ جبکہ ان کے دادا بلا ٹرکاں والے کو عبدالوحید نامی شخص نے ان کے ڈیرے پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔
بالاج شادی کی ایک تقریب میں اپنے گن مینوں کے ہمراہ موجود تھے کہ اس دوران ایک حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے بالاج ٹیپو سمیت تین لوگ زخمی ہوئے جبکہ ان کے گن مینوں کی فائرنگ سے حملہ آور موقع پر مارا گیا۔