ایشیا کپ 2023کے شیڈول اور ٹرافی کی رونمائی آج کی جائے گی

ایشیا کپ 2023کے شیڈول اور ٹرافی کی رونمائی آج کی جائے گی
لاہور: ایشیا کپ 2023کے شیڈول اور ٹرافی کی رونمائی آج کی جائے گی . تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف شیڈول اور ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست سے ہو گا، ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں پہلا میچ کھیلنے کے فوری بعد سری لنکا روانہ ہو جائیں گی ، ایشیا کپ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا 2 ستمبر کو کینڈی میں ہوگا، ایشیا کپ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو میں کھیلا جائے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معمولی ردو بدل کے بعد شیڈول کو حتمی شکل دی گئی ہے، ایشیا کپ میں مجموعی طور پر 13 میچز ہوں گے۔ پاکستان میں 5 میچز کھیلے جائیں گے، لاہور 4 جبکہ ملتان ایک میچ کی میزبانی کرے گا ،سپر فور مرحلے کا پاک بھارت میچ 10 ستمبر کو کینڈی میں ہونے کا امکان ہے ۔ تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوں گے۔ پاکستان انڈیا اور نیپال گروپ اے میں شامل ہیں جبکہ سری لنکا بنگلہ دیش اور افغانستان گروپ بھی میں شامل ہیں۔ گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، پہلے مرحلے کے 3 میچز لاہور میں ہوں گے ،سپرفورمرحلے میں پاکستان اے ون اور انڈیا بی ٹو ہو گی ۔ اب تک شیڈول کے مطابق سپرفور مرحلے کا بھی ایک میچ لاہور میں کھیلے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ ستمبر کو لاہور میں سپر فور مرحلے کا میچ اے 1 اور بی ٹو ٹیموں کے درمیان رکھا گیا ہے ۔ سپر فور مرحلے میں سری لنکا اے 1 اور بنگلہ دیش بی 2 ہو گی ، جبکہ افغانستان سپر فور مرحلے میں پہنچتی ہے تو وہ بی ٹو قرار پائے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔