دبئی: یو اے ای میں شارجہ کوپ کی جانب سے رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ پر 90 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شارجہ کوپ نے رواں سال رمضان المبارک کے احترام میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 90 فیصد رعایت دینے کیلئے 30 ملین درہم مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سی ای او شارجہ کوپ ماجد سالم الجنید کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد رمضان المبارک کے دوران لوگوں پر پڑنے والے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس مہم میں 11 پروموشنز شامل ہیں جو پورے رمضان کے مہینے میں لگاتار چلیں گی اور یہ پروموشنز مقدس مہینے سے ایک ہفتے پہلے شروع ہونگی اور شہریوں کو اشیائےضروریہ پر 90 فیصد سے زیادہ کی شرح سے ڈسکاؤنٹ دی جائے گی۔ شارجہ کوپ کی جانب سے رواں سال چار قسم کی رمضان باسکٹس بھی متعارف کروائی گئی ہیں ، جن کی قیمتیں 49 درہم سے 399 درہم تک ہیں، جس میں متعدد اشیا 50 فیصد سے زائد رعایتی نرخوں پر صارفین کو دستیاب ہونگی۔ ان باسکٹس میں اشیا ضروریہ جن میں چاول، چینی، تیل، جوس کے علاوہ کار، گھر کا فرنیچر، کچن کا سامان، آلات اور گفٹ کارڈز کیلیے ایک ریفل ڈرا بھی شامل ہے۔