اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے 14 منحرف اراکین قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 دنوں میں جواب طلب کرلیا ہے، شوکاز نوٹسز پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے دستخط کیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 14 منحرف اراکین قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کر تے ہوئے منحرف اراکین کو وزیراعظم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شوکاز نوٹس نور عالم خان، افضل ڈھاندلا، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض کو جاری کیے گئے، نوٹسز احمد حسین ڈیہر، رانا قاسم نون، غفار وٹو، باسط بخاری کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔شوکاز نوٹسز پر پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے دستخط کیے ہیں۔ شوکاز نوٹس میں منحرف ارکان سے وضاحت طلب کی گئی ہے،ارکان کو 7 روز کے اندر معافی مانگ کر غیر مشروط پارٹی میں واپس آنے کی مہلت دی گئی ہیں، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 7 روز تک جواب نہ دینے اور واپس نہ آنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ سندھ ہاؤس اسلام آباد میں 24 کے قریب پی ٹی آئی ارکان موجود ہیں۔ گزشتہ روز احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا تھا اور مرکزی دروازے کو توڑ کر اندر داخل ہوگئے تھے، جس پر پولیس نے 2 اراکین قومی اسمبلی سمیت 8 کارکنان کو گرفتار کرلیاگیا تھا۔