لاہور: پاکستان سپرلیگ کے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر لاہور مسلسل دوسری بار پی ایس ایل چیمپئن بن گیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے فائنل میچ میں لاہورقلندرز نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فخر زمان اور طاہربیگ نے آغاز سےہی جارحانہ انداز اپنایا۔ طاہر بیگ نے 18 گیندوں پر 30 رنز بنائے ۔فخر زمان اور عبد اللہ شفیق نے ٹیم کا اسکور 95 پر پہنچا دیا۔فخر زمان 39 رنز بنا کر اسامہ میر کا نشانہ بنے۔ اسامہ میر نے سیم بلنگز اور احسن بھٹی کو دو گیندوں پر پویلین بھجوا دیا ۔سکندر رضا اگلے ہی اوور میں ایک رنز بناکر چلتے بنے۔ عبداللہ شفیق نے 40 گیندوں پر 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ کپتان شاہین آفریدی نے صرف 15 گیندوں پر دھواں دار44 رنز بنائے جس میں 5 چھکے بھی شامل تھے۔ لاہور قلندرز نےمقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز کا بڑا ہدف بنا ڈالا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے جواب میں ملتان سلطانز کےکپتان محمد رضوان اورعثمان خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا اوراوپننگ باؤلرز کی دھلائی کی ۔عثمان خان 18 رنز بنا کرویزے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ روسو اور محمد رضوان نے مجموعی سکور 105 پر پہنچا دیا۔ روسو نے 32 گیندوں پر شاندار 52 رنز بنائے، کپتان رضوان بھی 34 رنز پرراشد خان کا ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔ آخری اوورز میں خوشدل شاہ اور عباس آفریدی نے میچ کا پانسہ اپنے حق میں کرلیا لیکن کامیابی مقدر نہ بنی ۔ ملتان سلطانز 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا پائی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے 4 اور راشد خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لاہور قلندرز نے مسلسل دو بار پی ایس جیتنے کا تاریخی ریکارڈ بنا دیا ۔ چیمپئن ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے ساتھ 12 کروڑ روپے کی خطیر انعامی رقم دی گئی۔