سلطانز کو ایک بار پھر فائنل میں شکست،اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 9 کا ٹائٹل جیت لیا

سلطانز کو ایک بار پھر فائنل میں شکست،اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 9 کا ٹائٹل جیت لیا
کیپشن: سنسنی خیز مقابلے کےبعد ملتان کو شکست،اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری بارPSLکی چیمپئن بن گئی

ویب ڈیسک:ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے دی اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

 تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف آخری بال پر پورا کر لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے کیا، دونوں کی اوپننگ زیادہ دیر نہ چل سکی اور 26 رنز کے مجموعی سکور پر کولن منرو خوشدل شاہ کی بال پر آؤٹ ہو گئے۔

منرو کے بعد آنے والے آغا سلمان بھی مارٹن گپٹل کا کریز پر زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور صرف 11 بالز پر 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان شاداب خان بھی بیٹنگ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

پانچویں نمبر پر آنے والے بیٹر اعظم خان نے مارٹن گپٹل کے ساتھ مل کر تھوڑی مزاحمت کی اور ٹیم کا مجموعی سکور 102 پر پہنچا دیا لیکن اس کے بعد مارٹن گپٹل 32 بالز پر 50 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

گپٹل کے آؤٹ ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہی اعظم خان بھی اسامہ میر کی بال پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ان کے بعد حیدر علی اور فہیم اشرف  کریز پر آئے اور جلد ہی آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔

فہیم اشرف کے آؤٹ ہونے کے بعد عماد وسیم اور نسیم شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی جس کی وجہ سے ہدف آخری بال پر پورا ہو گیا، نسیم شاہ نے 17 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عماد وسیم 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز کی جانب سے خوشدل شاہ اور افتخار احمد نے 2، 2، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر اور محمد علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان 57 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، محمد رضوان نے 26 اور خوشدل شاہ نے 11 رنز بنائے، یاسر خان اور ڈیوڈ ولی نے 6، 6 سکور کیے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 5 اور شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ

کولن منرو، مارٹن گپٹل، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ اور ٹائمل ملز اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا حصہ تھے۔

ملتان سلطانز سکواڈ

ملتان سلطانز میں محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، محمد علی اور عباس آفریدی شامل تھے۔

پی ایس ایل 9 کے ایوارڈز

 پی اس  ایل سیزن 9 کے فائنل کے پلیئر آف دی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد وسیم قرار پائے۔ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا تاج بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے حصے میں آیا۔
ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کراچی کنگز کے عرفان خان نیازی قرار پائے۔ملتان سلطانز کے عثمان خان نے پی ایس ایل 9 کے بہترین بیٹر کا ایوارڈ جیتا۔پی ایس ایل 9 کے بہترین بولر ملتان سلطانز کے اسامہ میر قرار پائے۔ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر کا ایوارڈ  بھی عرفان خان نیازی لے اُڑے۔
پی ایس ایل 9 کے سپر آل راؤنڈر پشاور زلمی کے صائم ایوب قرار پائے۔اس سیزن کے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ اسلام آباد کے اعظم خان نے جیتا۔ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اسامہ میر نے فضل محمود کیپ اپنے نام کی۔
رواں سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے حنیف محمد کیپ جیتی۔اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ پشاور زلمی کے نام رہا۔پی ایس ایل 9 کے بہترین امپائر کا ایوارڈ آصف یعقوب نے اپنے نام کیا۔