وزیراعظم نے ڈالر کی بڑھتی قدر کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم نے ڈالر کی بڑھتی قدر کا نوٹس لے لیا
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کا نوٹس لیتے ہوئے معاشی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کرلیا۔ اہم معاملات پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو ملکی برآمدات اور درآمدت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ روپے کی قدر مستحکم رکھنے کے لیے اہم فیصلہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کا کل دورہ کراچی کا بھی امکان ہے جہاں وہ اہم کاروباری شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ شہباز شریف کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ وزیراعظم سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات بھی متوقع ہے جس میں مستقبل کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ وزیراعظم کے زیر صدارت پانی کے مسائل کے حوالے سے اجلاس بھی آج ہوگا۔ اجلاس میں پانی کی تقسیم اور کمی سے نمٹنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ خیال رہے کہ آج ڈالر انٹربینک میں پہلی بار 200 روپے کی نفسیاتی حد پر پہنچ گیا ہے۔ جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر دوران ٹریڈنگ 1 روپے 61 پیسے مہنگا ہوا۔ گذشتہ روز انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قدر مزید 2 روپے 65 پیسے بڑھ کر 198 روپے 39 پیسے ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2 روپے 50 پیسے بڑھ کر 200 روپے 50 پیسے ہوگئی تھی جبکہ غیر قانونی منی چینجرز نے ڈالر 202 روپے تک میں فروخت کئے تھے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔