اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا ملکی معاشی اور سیاسی صورتِ حال پر قوم کو اعتماد میں لینے کیلئے جلد قوم سے خطاب کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا جلد قوم سے خطاب کا امکان ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری مصروفیات ترک کردیں ہیں ، وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کے ساتھ معاشی و سیاسی امور پر بھی مشاورت کی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے قوم سے خطاب کے نکات پر مشاورت جاری ہے۔ چند روز پہلے بھی خبر آئی تھی کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا قوم سے خطاب کا امکان ہے جس میں وہ معاشی اور سیاسی حالات پر اعتماد میں لیں گے۔ یاد رہے کہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی ملاقات میں قومی اسمبلی کی مدت پوری ہونے پر عام انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، مشاورتی اجلاس میں پاکستان کی سیاست سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے تھے۔ الیکشن پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت کسی دباؤ کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔