لاہور(پبلک نیوز) ترجمان شہباز شریف ملک احمد خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شبلی فراز کاشہباز شریف کی گھڑی کی قیمت سے متعلق بیان مضحکہ خیز ہے ، شہبازشریف نے اپنے والد میاں محمد شریف کی دی ہوئی گھڑی پہن رکھی ہے .
گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا تھا کہ اپوزیشن لیڈر ڈیڑھ کروڑ روپے کی گھڑی پہن کر مہنگائی کی بات کرتے ہیں۔ ان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان شہباز شریف ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مذکورہ گھڑی مرحوم نے 70ء کی دہائی میں جرمنی کے دورے کے موقع پر خریدی ، اس وقت اس کی مالیت 2ہزار روپے تھی ،دروغ گوئی کی بھی حد ہوتی ہے، عقیدت ،لگائو کی وجہ سے شہباز شریف نے 50سال سے گھڑی پہن رکھی ہے . ملک محمد احمد خان نے مزید کہا آپ جس شخصیت کے فرزند ہیں آپ کو ایسی بہتان تراشی زیب نہیں دیتی.
ملک احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ تسلیم کر لیں کارکردگی کے میدان میں آپ کا شہباز شریف سے کوئی مقابلہ نہیں، عوام آپ کاکڑے محاسبہ کریں گے،کنٹونمنٹ انتخابات کے نتائج جھلک ہیں، تحریک انصاف کے امیدوار کس کارکردگی کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگنے جائینگے.