سکردو میں زلزلہ، کئی افراد زخمی، اہم شاہراہ بلاک

سکردو میں زلزلہ، کئی افراد زخمی، اہم شاہراہ بلاک
گلگت بلتستان کے علاقے سکردو میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ جس سے لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ پہاڑوں سے بھاری پتھر گرنے سے کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے یہ جھٹکے آج صبح محسوس کئے گئے جس سے سکردو اور دیگر علاقے لرز اٹھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی گہرائی چالیس کلومیٹر زمین اور اس کی شدت 4 اعشاریہ 3 ریکارڈ کی گئی۔ https://twitter.com/khaider84/status/1571744299410227200?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1571744299410227200%7Ctwgr%5E2bbc47750797b2bcb23c6e73902de5e3f86cf26c%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.geo.tv%2Flatest%2F300047- سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے بعد پہاڑ سے گرنے والے بڑے پتھر سڑک پر گاڑیوں پر گرے ہوئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق پہاڑ سے پتھر گرنے کے باعث گلگت سکردو روڈ بلاک ہو چکی ہے اور کئی مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ جدید تاریخ کے چند تباہ کن زلزلے 26 دسمبر 2004 کو انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں 9 اعشاریہ 1 شدت کے زلزلے میں دو لاکھ 27 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ 12 جنوری 2010 کو ہیٹی میں 7 درجے کے زلزلے نے دو لاکھ 22 ہزار سے زیادہ زندگیوں کے چراغ گل کر دیے تھے۔ 12 مئی 2008 میں چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں 7 اعشاریہ 8 قوت کے زلزلے میں 87 ہزار افراد ہلاک اور پونے چار لاکھ زخمی ہو گئے تھے۔ 8 اکتوبر 2005 میں پاکستان کے شمال اور متنازع کشمیر کے علاقوں میں 7 اعشاریہ 6 طاقت کے زلزلے میں 73 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے۔ زلزلے میں کیا کرنا چاہیے؟ زلزلے کی صورت میں فوری طور پر عمارت سے باہر کھلی جگہ پر چلے جانا چاہیے۔ اگر باہر نکلنا ممکن نہ ہو تو میز یا اسی نوعیت کی کسی دوسری چیز کے نیچے پناہ لینی چاہیے تاکہ آپ خود کو چھت یا دیواروں سے ممکنہ طور پر گرنے والے ملبے سے بچا سکیں۔ زلزلے کے دوران کھڑکیوں، بھاری فرنیچر اور بڑے آلات وغیرہ سے دور رہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔