زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کیخلاف بشریٰ بی بی کی درخواست جرمانے کیساتھ خارج

زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کیخلاف بشریٰ بی بی کی درخواست جرمانے کیساتھ خارج
لاہور: زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کے خلاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے زمان پارک میں ممکنہ آپریشن روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ زمان پارک میں عید تعطیلات کے دوران آپریشن کی مصدقہ اطلاعات ہیں، زمان پارک پر دوبارہ حملہ ہو گا، جس پر جسٹس طارق سلیم نے کہا آپ نے صرف خدشات کی بنیاد پر کیسے درخواست دائرکی؟ مجھے یہ بتائیں کہ مفروضوں پر کیسے حکم دیا جا سکتا ہے؟؟انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پہلے ہی پانچ رکنی بنچ کے سامنے ہے، آپ نے یہ درخواست لارجر بنچ کو دی اور آج یہاں لےآئے، لارجر بینچ نے قانون کے مطابق ریلیف دیا۔ جسٹس طارق سلیم نے ریمارکس دیے کہ میں آپ کی یہ درخواست جرمانے کے ساتھ مسترد کر دیتا ہوں، عدالتوں پر غیر ضروری بوجھ ناں ڈالیں، اس کے بعد پھر کوئی کیئر ٹیکر آ جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ نے بشری بی بی کی درخواست جمع کرانے پر اظہر صدیق کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے بشری بی بی کی درخواست فضول قرار دے دی۔ خیال رہے کہ بشری ٰ بی بی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن ہو گا۔ پہلے بھی عمران خان کی غیر موجودگی میں پولیس نے گھر پر حملہ کیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ پولیس کو عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔