فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
کیپشن: Appeals against annulment of civilian trial in military courts scheduled for hearing

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کالعدم قرار دینے کے خلاف اپیلوں کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ فوجی عدالتوں کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 6 رکنی بینچ 24 اپریل کو دن ساڑھے گیارہ بجے سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت خان بھی بینچ کا حصہ ہیں۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل سے فوجی عدالتوں سے تین سال تک سزا پانے والے ملزمان کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ عدالت نے عید الفطر سے قبل ایک سال تک سزا پانے والے بیس ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

اٹارنی جنرل نے عید الفطر پر رہا ہونے والے ملزمان کی تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھیں۔