ڈی سی اسلام آبادکوگرفتارکرکےپیش کیاجائے،نام ای سی ایل میں شامل

ڈی سی اسلام آبادکوگرفتارکرکےپیش کیاجائے،نام ای سی ایل میں شامل
کیپشن: ڈی سی اسلام آبادکوگرفتارکرکےپیش کیاجائے،پانچوں آئی جیزکو حکم

ویب ڈیسک: شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار  خان کی غیر قانونی گرفتاریوں پر اسلام آبادہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق عدالتی حکم عدولی پر ڈی سی اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی صدر کے خلاف توہین عدالت کیس پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کی۔

ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر، ایس پی صدر فاروق بٹھر وکلاء کے ساتھ عدالت کے سامنے پیش ہوئے،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن عدالت کے سامنے پیش نہ ہوسکے۔

وکیل ڈی سی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے والدہ کےساتھ عمرے پرجانا ہے۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئےکہ عدالت کو بتائے بغیر ڈی سی بیرون ملک چلے گئے؟

عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

اسلام آبادہائیکورٹ نے چاروں صوبوں کے آئی جیز اور آئی جی اسلام آباد کو حکم دیتے ہوئے کہاکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد جہاں بھی نظرآئیں۔انہیں گرفتارکرلیں۔

شہریار آفریدی کیس میں ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کا تحریری حکم جاری کردیا گیا ہے۔جسٹس بار ستار نے چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا حکم دے دیا۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد کو کل صبح 9 بجے گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا  ہے۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود ڈی سی اسلام آباد کی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائے ہیں۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ  آئی جی اسلام آباد دوسروں صوبوں کے ساتھ مل کر وارنٹ گرفتاری پر عمل کروائیں ،  عدالت نے  ڈی جی ایف آئی اے کو حکم دیا کہ ائیرپورٹ ، سی پورٹ یا بارڈر کراسنگ پر ڈی سی اسلام آباد نظر آئے تو گرفتار کرکے پیش کریں ۔