کورونا مثبت کیسز کی شرح 9 ماہ بعد11فیصد سے تجاوز کرگئی

کورونا مثبت کیسز کی شرح 9 ماہ بعد11فیصد سے تجاوز کرگئی
کورونا منہ زور ہو گیا۔ مثبت کیسز کی شرح 9 ماہ بعد 11 فیصد سے تجاوز کرگئی۔ کراچی میں 41 فیصد سے زیادہ ٹیسٹ مثبت رپورٹ ہوئے، اسلام آباد میں گزشتہ روز سب سے بڑا وار ہوا۔ شرح 15 فیصد سے بڑھ گئی۔ ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 51 ہزار 94 ہو گئی، 918 کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا وبا کا پھیلاو روز بڑھنے لگا۔ ایک روز میں مزید 6 ہزار 808 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 11 اعشاریہ پانچ پانچ فیصد تک بڑھ گئی۔ اس سے قبل 11 فیصد سے زیادہ کیسز گزشتہ برس 20 اپریل کو ریکارڈ ہوئے تھے۔ گزشتہ روز مزید 5 زندگیاں اس وبا کی نذر ہو گئیں۔ اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 42 ہو گئی۔ کراچی میں صورتحال بدستور انتہائی خطرناک ہے۔ مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد سے تجاوز کر چکی۔ اسلام آباد میں بھی گزشتہ کورونا کا اب تک کا سب سے بڑا وار ہوا۔ مثبت کیسز کی شرح 15 اعشاریہ تین سات فیصد تک جا پہنچی۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 14 فیصد اور راولپنڈی میں 12 فیصد سے زیادہ ریکارڈ ہوئی۔ اس وقت ملک بھر میں 51 ہزار 94 مریض کووڈ کے باعث اسپتالوں اور گھروں میں زیرعلاج ہیں۔ 918 کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ روز 426 افراد صحتیاب بھی ہوئے، اب تک اس وبا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 65 ہزار 665 ہو گئی۔ ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے، ابتک 10 کروڑ 26 لاکھ سے زیادہ افراد کو کم از کم ایک ڈوز لگ چکی، 7 کروڑ 83 لاکھ سے زیادہ افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے۔

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔