اسلام آباد(پبلک نیوز) پوری قوم حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں آج عیدالاضحی پورے مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائے گی۔دن کا آغاز مساجد میں امت کی فلاح وبہبود اور ملک کے تحفظ وسلامتی کیلئے خصوصی دعاﺅں سے ہوگا۔ملک کے تمام شہروں ، قصبوں اور دیہات کی مساجد ، عیدگاہوں اورکھلے مقامات میں عید کے اجتماعات ہوںگے جن میں علماءاورخطیب اس دن کی فضیلت اورقربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالیں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں عید کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں ہوگا جہاں اسلام آباد میں موجود وفاقی وزراء، سیاستدان اور ارکان پارلیمنٹ ، مسلمان ملکوں کے سفیر اور دیگر اہم شخصیات سمیت ہزاروں افراد عید کی نماز ادا کریں گے۔ عید کی نماز اداکرنے کے بعد اہل ایمان سنت ابراہیمی کی یاد میں جانوروں کی قربانی کریںگے۔قربانی کے جانوروں کا گوشت رشتہ داروں اور غرباءمیں تقسیم کیاجائے گا۔وفاقی اورصوبائی حکومتوں نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے ملک بھر میں سیکورٹی کے جامع انتظامات کئے ہیں۔مختلف شہروں کے انتظامیہ نے عید کے تین دنوں کے دوران آلائشیں ٹھکانے لگانے کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔