پی ٹی آئی نئے انتخابات کیلئے کےپی اسمبلی تحلیل کرسکتی ہے، مولانافضل الرحمان کادعویٰ

پی ٹی آئی نئے انتخابات کیلئے کےپی اسمبلی تحلیل کرسکتی ہے، مولانافضل الرحمان کادعویٰ
کیپشن: پی ٹی آئی نئے انتخابات کیلئے کےپی اسمبلی تحلیل کرسکتی ہے، مولانافضل الرحمان کادعویٰ

ویب ڈیسک: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے۔ نئے انتخابات اور اصل عوامی مینڈیٹ کی حامل حکومت ہی مسائل کا حل ہے۔ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام لازمی ہے، ملک اب مزید کسی ایڈونچر یا مارشل لاء کا متحمل نہیں ہوسکے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی شفاف الیکشن کیلئے اسمبلیوں سے استعفے دینے کیلئے آمادہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ جے یو آئی نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کامران مرتضیٰ کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے۔ کمیٹی میں مولانا لطف الرحمان، فضل غفور، اسلم غوری اور مولانا امجد شامل ہیں۔ کمیٹی پی ٹی آئی کی مشاورت سے حکمت عملی طے کرے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے اختلاف رائے ہے۔ پی ٹی آئی سے تلخیاں تھیں۔ تاہم پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جارہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت سیاستدانوں پر مقدمات نہیں بننے چاہئیں۔ مولانا نے تجویز دی کہ پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئیں۔ نگران سیٹ اپ کا تصور ختم کیا جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئے صاف شفاف الیکشنز کےلئے پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفے کےلئے آمادہ ہے۔ خیبرپختونخواہ میں بھی حقیقی مینڈیٹ نہیں ہے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی بے بس ہیں۔ 

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ خیرخواہی میں کہا تھا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی حکومت نہ لے۔ پیپلزپارٹی ن لیگ کو حکومت کی ذمہ داری راس نہیں آرہی۔ مارشل لاء اور ایمرجنسی سے اب کام نہیں چلے گا۔

مولانا فضل الرحمان سے اسمبلیاں تحلیل کرنے یا استعفوں پر بات نہیں ہوئی،بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان کی تردید کردی۔

اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف نے مولانا فضل الرحمان سے اسمبلیاں تحلیل کرنے یا استعفوں پر کوئی بات نہیں کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے اسمبلی تحلیل کرنے یا استعفوں پر کوئی مشاورت ہوئی نہ ایسا کوئی فیصلہ ہوا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے اسمبلیوں سے نکلنے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

Watch Live Public News