اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آئی ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین شفاف انتخابات کو یقینی بنانے میں سنگ میل ثابت ہو گی، ن لیگ کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کا مذاق اڑانا قابل افسوس ہے، اوورسیز پاکستانیز ملک کے بارے میں نواز شریف سے زیادہ معلومات اور احساس رکھتے ہیں، مسلم لیگ(ن) کو تکلیف ہے کہ عمران خان بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق کیوں دے رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ایک بیان میں کہا کہ 2018ءکے اپوزیشن کے اپنے دور کی اصلاحات کے تحت ہوئے، اپوزیشن اگر الیکشن کمیشن سے مطمئن تھی تو مولانا فضل الرحمان کو سڑکوں پر مارچ کی خواری کرانے کے بعد حجرے میں کیوں بند کر دیا ٗ الیکشن کمیشن پر اعتراضات نہیں تھے تو 2018ءکے انتخابات کے نتائج کیوں تسلیم نہیں کئے؟ اگر مطمئن نہیں تو اب راہ فرار کیوں اختیار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں وہی قبول ہوتا ہے جو ان کی مرضی اور منشا کے مطابق ہو، ان جیسے جعلی دانشوروں کی وجہ سے آج ان کا ایک لیڈر بیرون ملک فرار ہے جبکہ دوسرا تین میں ہے نہ تیرا میں، احسن اقبال ہر معاملے میں ارسطو بننے کی بجائے نارووال سپورٹس کمپلیکس میں کی جانے والی کرپشن کا حساب دیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی تمام اصلاحات کا مقصد غیر جانبدارانہ، صاف و شفاف انتخابات ہیں، وزیراعظم عمران خان کرکٹ میں نیوٹرل ایمپائر لے کر آئے تھے، انہوں نے ہی انتخابات میں دھاندلی کو بے نقاب کیا، اب عمران خان کی حکومت ہی دھاندلی کا راستہ روکنے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔