لاہور: نگران پنجاب حکومت نے زمان پارک واقعہ کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنانے کا اعلان کر دیا ہے ۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گذشتہ 5 سے 7 دن میں ہونے والے واقعات پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ساری چیزوں کی انویسٹی گیشن کی جائے گی ، آج شام تک جے آئی ٹی کا اعلان بھی کر دیا جائے گا ۔ محسن نقوی نے بتایا کہ ہمیں ہر صورت حکومت کی رٹ قائم کرنی ہے، جہاں ، جہاں سے مسائل آرہے ہیں حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک میں دہشت گرد موجود ہیں ، آئی جی سے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو ایک ڈیڈ لائن دے دیں ، آئی جی سے کہا ہے کہ آپ کو کھلی چھٹی ہے، اب ایسا جواب دیں گے کہ یاد رکھیں گے ، کوئی ہاتھ بڑھائے گا تو ہاتھ توڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے پولیس کی گاڑی کو توڑا ہے ، پولیس اہلکاروں کوروک کراسلحہ چھینا گیا ، کوئی سیاسی ورکراس طرح کی حرکت نہیں کرتا ہے ، زمان پارک میں پنجاب کے باہر سے لوگ آئے ہوئے ہیں، حکومت ہرصورت رٹ قائم کرے گی ۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس نے زمان پارک کو کلیئر کروا کر ٹریفک رواں دواں کی تھی ، ہماری کوشش ہے کہ ماحول خراب اور کوئی جانی نقصان نہ ہو ، حکومت اور ریاست کی رٹ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پولیس فورس کے ساتھ کھڑا ہوں ، اب جو قانون توڑے گا اس کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی، پولیس کو ہدایات دی ہیں کہ جو قانونی کارروائی ہے وہ کریں ، سیاسی معاملات چلائیں ، اس طرح کی حرکتوں کی اجازت نہیں دیں گے ۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کارکنان سے کہتے ہیں کہ پولیس کومارو، عمران خان دھمکیاں دینا چاہتے ہیں تو سکیورٹی واپس کر دیں، یہ نہیں ہوگا کہ پولیس سکیورٹی بھی دے اور گالیاں بھی کھائے، پولیس عمران خان کی گالیاں کھا کر سکیورٹی نہیں دے سکتی ہے ۔