پنجاب حکومت کا شاندار منصوبہ: 5 ہزار ماہانہ قسط پر موٹرسائیکل ملے گی

پنجاب حکومت کا شاندار منصوبہ: 5 ہزار ماہانہ قسط پر موٹرسائیکل ملے گی
کیپشن: Punjab government's wonderful project: Motorcycle will be available on monthly installments of 5 thousand

ویب ڈیسک: طلباء کے لئے خوشخبری آگئی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے 20 ہزار بائیکس پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت 5 ہزار ماہانہ پر پیٹرول اور 10 ہزار ماہانہ پر الیکٹرک موٹرسائیکل دستیاب ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی موجودگی میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب بینک کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ 20 ہزار بائیک پراجیکٹ کےایم او یو پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی اور صدر پنجاب بنک ظفر مسعود نے دستخط کئے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلباءکے لئے مجوزہ الیکٹرک اور پٹرول بائیکس کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بائیکس کے نرخ کے بارے میں پوچھا اور کوالٹی چیک کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز  شریف نے بائیکس کا کلر حکومت پنچاب کے سبز لوگو کے کلر کے مطابق کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ بائیک کے لئے طلباء کی رجسٹریشن کا آغاز جلد از جلد کیا جائے گا۔ طلباء کو 19 ہزار پٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیں گی۔ بنک آف پنجاب کے اشتراک سے طلبہ کو آسان اقساط پر بائیک کی فراہمی پر سود حکومت دے گی۔ 

مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول بائیک کی ماہانہ قسط پانچ ہزار اور ای بائیک کی قسط دس ہزار سے کم ہوگی۔ مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس کی ڈیلیوری شروع کر دی جائے گی۔ 20 ہزار بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ طلباء کی زندگی میں  آسانیاں پیدا کرے گا۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ طلباء کے لئے بائیکس کی فراہمی چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو کے تحت ایک انقلابی سکیم ہے۔ ذاتی سواری طلباء کے روزمرہ زندگی میں وقت کی بچت کو یقینی بنائے گی۔ وقت کی بچت اور سفر میں آسانی  طلباء کی تعلیمی استعداد کار میں بہتری کا سبب بنے گی۔ بائیکس کی تقسیم میں طلباء و طالبات کی یکساں نمائندگی خوش آئند ہے۔ 

Watch Live Public News