سابق وزیر خارجہ سردار آصف احمد علی انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کی عمر 82 سال تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ سردار آصف احمد علی کافی عرصے سے علالت کے باعث سیاست کو خیر باد کہہ چکے تھے۔ مرحوم کا تعلق ضلع قصور سے تھا۔ ان کا ملک کے بردبار اور سینئر سیاست دانوں میں ہوتا تھا ۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی نمازجنازہ دو پہر دو بجے احمد پور نزد رائے ونڈ روڈ میں ادا کی جائے گی سردار آصف احمد علی 2008ء میں پلاننگ کے ڈپٹی چیئرمین بنے تاہم وہ پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے اور بعد ازاں اس سے بھی علیحدگی اختیار کرلی۔ وہ 1985ء سے 2008ء تک چار بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ 1993ء سے 1996 تک بے نظیر بھٹو کے دور میں وزیر خارجہ رہے۔ سردار آصف احمد علی 1940ء میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لارنس کالج گھوڑا گلی سے اور اعلیٰ تعلیم گورنمنٹ کالج لاہور اور سینٹ جونز کالج آکسفورڈ سے حاصل کی۔