ویب ڈیسک: حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے جواب نہ آنے کی صورت میں پلان بی تیار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہےکہ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے واضح جواب نہ آنے پر پلان بی تیار ہے، حکومت نے متبادل مسودہ تیار کرلیا۔ حکومت کی جانب سے بلاول بھٹو کو آگاہ کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوکے دبئی جانے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آئینی ترمیم کی منظوری کے فوراً بعد وہ دبئی کے طیارے میں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بلاول اپنی ہمشیرہ بختاوراوربھانجوں سےملاقات کیلئے روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کہتے ہیں آئینی ترمیم پر ووٹنگ آج ہی ہوگی، ترمیم شدہ مسودہ آج کابینہ کے سامنے رکھا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے ایم کیو ایم وفد کو ترمیمی مسودے پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزیراطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ ہمارے پاس بہت سے آپشنز دستیاب ہیں، آپشن اے پر عمل نہ ہوا تو بی ورنہ سی بھی موجودہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی ایک آپشن کے تحت آئینی ترمیم منظور ہو جائے گی۔