راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان یورپی یونین سے اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی ملاقات ہوئی، جی ایچ کیو میں ہونیوالی ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پاکستان یورپی یونین سے اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،پاکستان ای یو کے ساتھ مشترکہ فوائد پر مبنی کثیرالجہتی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے ڈاکٹر رینا کیونکا کو بطور ای یو سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ای یو سفیر نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا، ای سفیر کی جانب سے پاکستانی عوام کے لئے مکمل تعاون کی بھی پیشکش کی گئی۔ ای یو سفیر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کی اعانت کے لئے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر رینا کیونکا کی جانب سے پاک ای یو تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا، سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لئے تعاون پر آرمی چیف نے یورپی یونین کی سفیر سے اظہار تشکر کیا۔