اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے تحریک انصاف کے چیئرمین کی تقریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں ٹی وی چینلز کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمران خان کی ریکارڈ کی ہوئی تقریر تو نشر کرسکتے ہیں لیکن براہ راست خطاب اور تقریر نشر کرنے پر پابندی ہے۔ اعلامیے میں یہ بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی تقریر پر پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت پابندی عائد ہوگی۔ پیمرا کے ترجمان کے مطابق عمران خان اپنی تقریروں میں ریاستی اداروں پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شہباز گل کی رہائی کیلئے ریلی میں خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد اور مقامی عدالت کی مجسٹریٹ زیبا چوہدری کو دھمکی دیتے ہوئے یہ کہا تھا کہ ’ہم تمھیں دیکھ لیں گے اور تمھارے خلاف کارروائی کریں گے‘۔ دوسری جانب حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے مجسٹریٹ اور پولیس افسران کو دھمکی دینے پر سپریم کورٹ سے عمران خان کی تقریر پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور وزارت داخلہ سے عمران خان و ساتھیوں کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے یہ کہا ہے کہ ’دھمکی کو ساری دنیا نے لائیو دیکھا اب عمران خان قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں‘۔