عابد علی کی صحت سے متعلق پی سی بی کا بیان سامنے آ گیا

عابد علی کی صحت سے متعلق پی سی بی کا بیان سامنے آ گیا
کراچی: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کھلاڑی عابد علی کو سینے میں شدید تکلیف کی وجہ سے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ وہ میچ کھیل رہے تھے کہ اچانک ان کی طبعیت خراب ہو گئی۔ عابد علی قائداعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ کراچی میں ان دنوں قائداعظم ٹرافی ٹورنامنٹ جاری ہے۔ آج یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں سینٹرل پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان میچ جاری تھا، جب اچانک کرکٹر عابد علی کو سینے میں تکلیف کی شکایت شروع ہو گئی۔ عابد علی کی صحت سے متعلق اب پی سی بی کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے. پی سی بی کے مطابق سینٹرل پنجاب کے اوپنر عابد علی قائداعظم ٹرافی کے فائنل راؤنڈ میں خیبر پختون خواہ کے خلاف میچ میں آج 61 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے کہ انہوں نے سینے میں تکلیف کی شکایت کی. کرکٹر عابد علی کو فوری طور پر امراض قلب کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں ایکیوٹ کرونری سینڈروم کی تشخیص ہوئی ہے. پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ماہر امراض قلب نے ان کے علاج کی نگرانی شروع کردی ہے. مکمل علاج کے لیے پی سی بی اس ماہر امراض قلب سے مکمل رابطے میں ہے. اس وقت ان کی حالت بہتر ہے. آپ سب سے کرکٹر کے لیے دعاؤں اور ان کے اہلخانہ کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست ہے. اس حوالے سے مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کردی جائیں گی.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔