لارنس بشنوئی  کی بھابھی دہلی کی’’ لیڈی ڈان’’ کروڑوں کی ہیرؤین سمیت گرفتار

لارنس بشنوئی  کی بھابھی دہلی کی’’ لیڈی ڈان’’ کروڑوں کی ہیرؤین سمیت گرفتار

ویب ڈیسک : ( علی رضا ) لیڈی اسمگلر زویا خان کو بھارتی دارالحکومت دہلی کے مشرقی علاقے سے گرفتار کیا گیا جب وہ خالص ہیرؤین کی کھیپ اپنے آدمیوں کو سپلائی کرنے کی کوشش کررہی تھی ، اس کا شوہر ہاشم بابا بھی بدنام زمانہ گینگسٹر اور جیل میں بند ہے۔

رپورٹ کے مطابق33 سالہ زویا خان نے اپنےگینگسٹر شوہر کو سزا ہونے کے بعد  جرائم کی دنیا میں قدم رکھا۔

ایک گھریلو خاتون ہوتے ہوئے اس نے  اپنے قیدی شوہر ہاشم بابا کے گینگ کو منظم کیا،  اورکارروائیوں کی نگرانی کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ کوئی براہ راست ثبوت ان کے غیر قانونی سرگرمیوں سے منسلک نہ ہو۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق زویا خان مخبری پر  225 گرام سے زیادہ ہیروئن کے ساتھ پکڑی گئی، جس کی قیمت تقریباً 3 کروڑ روپے ہے۔

پولیس  حکام کو منشیات کی  ڈیل  کے بارے میں معلوم ہوا  جس پر  جال بچھا دیا، جس کے نتیجے میں زویا خان کو گرفتار کر لیا گیا۔

زویا خان نے ہاشم بابا کی جرائم کی سلطنت کو کیسے چلایا؟

زویا خان نے اپنے جیل میں بند شوہر ہاشم بابا کے مجرمانہ نیٹ ورک کو منظم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ہاشم بابا، جسے قتل، بھتہ خوری اور اسلحے کی اسمگلنگ سمیت متعدد مقدمات کا سامنا ہے، زویا کا تیسرا شوہر ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وہ طلاق سے پہلے شادی شدہ تھی اور بعد میں بابا کے ساتھ رابطے میں آئی، جس سے اس نے 2017 میں شادی کی تھی۔

بابا کی قید کے بعد زویا نے گینگ کی کارروائیوں کا کنٹرول سنبھال لیا۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے ذرائع نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ وہ بھتہ خوری اور منشیات کی تقسیم میں ملوث تھی۔

ایک روایتی ڈان کے برعکس، زویا خان نے اپنا پبلک امیج  برقرار رکھا۔  وہ نہ صرف اشرافیہ کی سماجی تقریبات میں شرکت یقینی بناتی تھی بلکہ لگژری برانڈز کا  فراخ دلانہ استعمال کرتے ہوئے  اور سوشل میڈیا پر اپنے شاہانہ طرز زندگی کی نمائش کرتی تھی جہاں اس کے لاکھوں فالوورز ہیں۔

وہ  بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں باقاعدگی سے  اپنے شوہر ہاشم بابا سے ملنے جاتی تھی، جہاں اس نے اسے کوڈڈ کمیونیکیشن یعنی خفیہ الفاظ کے ذریعے گفتگو اور پیغامات بھیجنے کی تربیت دی اور گینگ کے مالی معاملات اور کارروائیوں کو سنبھالنے میں اس کی رہنمائی کی۔ وہ جیل سے باہر اس کے ساتھیوں اور دیگر مجرموں سے بھی براہ راست رابطے میں رہی۔

ہاشم بابا  کون ہے؟

ہاشم بابا جنوبی دہلی کے گریٹر کیلاش میں ایک جم مالک کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گزشتہ سال سے جیل میں  ہے۔ سلاخوں کے پیچھے رہنے کے دوران، بابا نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ وہ  گینگسٹر لارنس بشنوئی سے رابطے میں ہے اور کئی وارداتیں مل کر کرچکا ہے ۔

پولیس نے انکشاف کیا کہ بابا اور بشنوئی کا پہلا رابطہ 2021 میں ہوا جب کہ دونوں تہاڑ جیل میں بند تھے۔ مختلف جیلوں میں منتقل ہونے کے باوجود وہ اپنا رابطہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

بابا نے بعد میں دعویٰ کیا کہ بشنوئی نے اس کے لیے جیل سے اپنی مجرمانہ کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے ایک محفوظ لائن کی سہولت فراہم کی، جس سے بار بار فون پر بات چیت اور یہاں تک کہ ویڈیو کالز بھی کی جا سکتی تھیں۔

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر