بی جے پی کی ریکھا گپتا دہلی کی چوتھی خاتون وزیراعلی ، حلف اٹھالیا

rekha gupta took oath as cm delhi
کیپشن: rekha gupta took oath as cm delhi
سورس: google

ویب ڈیسک : بی جے پی کی ریکھا گپتا نے دہلی کی وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ رام لیلا میدان میں لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے انہیں عہدے  کا حلف دلوایا۔

 اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی سمیت این ڈی اے کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ اس کے بعد یکے بعد دیگرے کابینہ کے وزراء نے حلف لیا، جن میں پرویش ورما، آشیش سود، منجندر سنگھ سرسا، رویندر اندرراج، کپِل مشرا اور پنکج سنگھ شامل تھے۔

ریکھا گپتا دہلی کی چوتھی خاتون وزیراعلی

ریکھا گپتا، جو بی جے پی کی سینئر رہنما ہیں، دہلی کی چوتھی خاتون وزیر اعلیٰ ہوں گی۔سشما سوراج، شیلا دکشٹ اور آتشی کے بعد اب ریکھا گپتا سی ایم کے عہدے پر بیٹھنے والی ہیں۔ ریکھا گپتا کا تعلق بنیا برادری سے ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ اس اہم ذمہ داری کو دیانت داری، قوت اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ نبھائیں گی۔


نئی وزیراعلٰی کو دہلی میں فضائی آلودگی کے سنگین مسئلے سے لے کر شہر کے انفراسٹرکچر سے جڑے بیشتر مسائل کا سامنا ہے۔انتخابات سے قبل ان کی جماعت نے سرکاری سکولوں کی تزئین و آرائش، صحت کے مفت وسائل، مفت بجلی اور غریب خواتین کو 2500 کا ماہانہ وظیفہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔
ریکھا گپتا نیو دہلی کی چوتھی خاتون وزیراعلٰی ہیں تاہم خاتون کو اعلٰی عہدوں پر فائز کرنا ابھی تک کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے ایک غیرمعمولی بات ہے۔ نیو دہلی کے علاوہ ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلٰی بھی ایک خاتون ہیں۔ 

سابق سٹوڈنٹ لیڈر اور خواتین کے حقوق کی بڑی حمایتی

  وہ طویل عرصے سے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ ہیں،  ہریانہ کے جولانہ میں پیدا ہونے والی ریکھا گپتا دہلی یونیورسٹی کے دولت رام کالج سے بی کام کی گریجویٹ ہیں۔ بعد میں انہوں نے چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور وکیل کے طور پر بھی کام کیا۔
 سیاسی سفر کا آغاز 1993 میں دہلی یونیورسٹی کے دولت رام کالج سے اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) کے ساتھ کیا۔ وہ 1995-96 میں دہلی یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کی سکریٹری بنیں اور 1996-97 میں ڈی یو ایس یو کی صدر منتخب ہوئیں۔ وہ 2002 میں بی جے پی میں شامل ہوئیں اور پارٹی کے یوتھ ونگ کی قومی سکریٹری تھیں۔ گپتا نے مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں بی جے پی کی خواتین ونگ کی انچارج کے طور پر بھی کام کیا ہے۔
ریکھا گپتا خواتین اور بچوں کی فلاح و بہود اور متوسط طبقے کی خواتین طلبا کو مدد بھی فراہم کرتی رہی ہیں۔


خیال رہے بی جے پی کو 27 سال بعد نیو دہلی پر حکمرانی کا موقع ملا ہے۔ بی جے پی کو سال 1998 سے 2013 تک کانگریس سے شکست کا سامنا رہا جس کے بعد عام آدمی پارٹی کرپشن مخالف ایجنڈے کے ساتھ چیلنج بن کر سامنے آئی۔

ریکھا گپتا دہلی کی شالی مار باغ سیٹ سے پہلی بار ایم ایل اے منتخب ہوئی ہیں۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کی بندنا کماری کو 29,595 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ 8 فروری کو دہلی اسمبلی انتخابات  میں بی جے پی نے 26 سال بعد تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 70 میں سے 48 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ عام آدمی پارٹی 22 سیٹوں تک محدود ہو گئی۔

نیو دہلی اسمبلی کے انتخابات سے قبل بی جے پی نے زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے وفاقی بجٹ میں متوسط طبقے کی تنخواہوں پر عائد انکم ٹیکسوں کو کم کیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ سال عام آدمی پارٹی کے بانی رہنما اروند کیجروال اور پارٹی کے دیگر دو عہدیداروں کو رشوت وصول کرنے پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اروند کیجروال کو سپریم کورٹ سے ضمانت پر رہائی مل گئی تھی لیکن انہوں نے بطور وزیر اعلیٰ دہلی مستعفی ہو گئے تھے۔

12 سال اقتدار میں رہنے والوں کو عوام کے ہر پیسے کا حساب دینا ہوگا، ریکھا گپتا

وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے  سابق حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہےکہ ’’جو حکومت گزشتہ 12 سال سے دہلی میں اقتدار میں تھی، اسے عوام کو ہر پیسے کا حساب دینا ہوگا۔‘‘

ریکھا گپتا نے اپنی ترجیحات واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا، "ہم نے جو بھی کمٹمنٹ کیے ہیں، انہیں وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ دہلی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمارے تمام 48 ایم ایل اے وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کے مطابق ٹیم مودی کے طور پر کام کریں گے۔"

ریکھا گپتا نے جب عام آدمی پارٹی کے کونسلر کو تھپڑ مارا

یہ واقعہ سال 2023 کا ہے، جب ریکھا گپتا کو دہلی بی جے پی کی جانب سے ایم سی ڈی میئر  کاامیدوار بنایا گیا تھا۔ اس دوران عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے کونسلروں کے درمیان زبردست ہنگامہ ہوا جس کے کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے۔ عام آدمی پارٹی کے کونسلر کو تھپڑ مارنے والی ریکھا گپتا کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے۔

ریکھا گپتا وہ بی جے پی لیڈر ہیں جو لگاتار دو بار الیکشن ہار گئیں۔ تاہم اس کے باوجود پارٹی نے انہیں تیسری بار ٹکٹ دیا اور الیکشن جیتنے کے بعد انہیں دہلی کے وزیراعلیٰ کا تاج پہنایا گیا۔ اس سے پہلے ریکھا گپتا بھی دہلی ایم سی ڈی میں میئر کا انتخاب ہار چکی تھیں۔ وہ دہلی ایم سی ڈی میں تین بار بی جے پی کونسلر منتخب ہوئیں۔
 


 

Watch Live Public News